گرمی سے نہ گھبرائیے بلکہ ایئرکنڈیشنڈ ہیلمٹ پہنیے

اسے بلیو آرمر ہیلمٹ کا نام دیا گیا ہے جس کے اندر ایک جڑنے اور نکل جانے والا ایئرکولر لگایا گیا ہے۔ یہ ایئرکولر سیکنڈوں میں ہیلمٹ کو ایئرکنڈیشنڈ بنا کر سر کو فوری طور پر ٹھنڈا کرتا ہے۔ تاہم اس سے ہیلمٹ کے وزن میں کچھ اضافہ ہوگیا ہے۔ اسے بنگلور کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے۔

ہیلمٹمیں ایک چھوٹی بیٹری لگی ہے جو بہت سادہ انداز میں کام کرتی ہے۔ اس کے اندر پانی سے بھرے دو پائپ ہیں جن کے بخارات پنکھے سے ہیلمٹ کے اندر گھومتے رہتے ہیں اور اندرونی طور پر ہیلمٹ ٹھنڈا ہوجاتا ہے۔ کولر میں 60 ملی لیٹر پانی، برقی پنکھا، فلٹر اور 2500 ایم اے ایچ بیٹری نصب ہے جسے بار بار چارج کیا جاسکتا ہے۔ اگر اسے مکمل طور پر چارج کیا جائے تو یہ دس گھنٹے تک کارآمد رہتی ہے۔

بلیو ہیلمٹ کا ایک اور اہم حصہ بلیو اسنیپ ہے جو لچک دار پٹی کی طرح ٹھوڑی والے حصے سے منسلک ہوجاتا ہے اس میں لگا پنکھا ٹھنڈی ہوا کو ہیلمٹ کے اندر پھینک کر درجہ حرارت کو 6 سے 15 درجے سینٹی گریڈ تک کم کرسکتا ہے۔ پورے ہیلمٹ کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ کا شیشہ نمی سے دھندلا نہیں ہوتا۔

اس ہیلمٹ کی قیمت 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور یہ پانچ مختلف ڈیزائنوں میں دستیاب ہے۔