آرمی چیف ہزارہ برادری سے ملاقات

کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنے میں بیٹھے ہزارہ برادری کے مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آرمی چیف ان سے ملاقات کریں اور ہمارے مطالبات سنیں، ہم اپنا احتجاج نہ صرف بڑھائیں گے بلکہ صوبے کی سطح پر اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک آرمی چیف کوئٹہ نہیں آتے، ہم ان کے ساتھ مذاکرات میں اپنے تین مطالبات پیش کریں گے۔

اب خبر آئی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سیکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لیں گے اور ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات کریں گے۔

قبل ازیں وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ پہنچے تھے، انہوں نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی، بلوچستان شیعہ کانفرنس، مجلس وحدت مسلمین اور ایچ ڈی پی کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی تاہم مظاہرین نے ان کی اپیل مسترد کردی اور کہا کہ وزیر داخلہ صرف فاتحہ خوانی کرنے آئے ہیں۔