فلم فیسٹیول میں ماہرہ خان کے جلوے

اداکارہ ماہرہ خان 71 ویں سالانہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کانز میں  بین الاقوامی برانڈ لوریال پیرس کی برانڈ ایمبسیڈر کے طور پرپہلی بار پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

کانز کے ریڈ کارپٹ پر ہالی ووڈ کے ساتھ بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارائیں بھی شرکت کرتی ہیں۔ بالی ووڈ سے اداکارہ ایشوریا رائےبچن، دپیکا پڈوکون، سونم کپور اور پریانکا چوپڑا کانز میں شرکت کرچکی ہیں جب کہ رواں سال 71 ویں کانز فلم فیسٹیول میں دپیکا اور سونم کے علاوہ اداکارہ کنگنا رناوت اور ہماقریشی بھی شرکت کررہی ہیں تاہم یہ  پہلا موقع ہے جب پاکستان کی کوئی اداکارہ کانز میں شرکت کررہی ہے۔

ماہرہ خان کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں اسی سلسلے میں انہوں نے چند روز قبل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جتنی خوش ہیں اتنی نروس بھی ہیں کیونکہ یہ کانز میں ان کی پہلی شرکت ہے امید ہے سب اچھا ہوگا۔ ماہرہ خان کانز فیسٹیول کے دوران پھولدار لباس میں انتہائی خوبصورت نظرآرہی ہیں۔

ماہرہ خان نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی ایک  تصویر شیئر کی جس کے ذریعے انہوں نے بتایا کہ وہ کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے فرانس پہنچ چکی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے پیغام لکھا آج وہ کچھ نہیں کریں گی صرف دھوپ سینکیں گی۔